پنجاب میں تباہ کن سیلاب سے 20 افراد جاں بحق؛ متعدد اضلاع متاثر، ہنگامی اقدامات جاری

پنجاب میں حالیہ شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے باعث دریائے راوی، چناب اور ستلج میں خطرناک حد تک پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ اب تک 20 افراد جاں بحق جبکہ کھڑی فصلیں اور ہزاروں مال مویشی پانی کی نذر ہو چکے ہیں۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) اور فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے شدید سیلابی الرٹ جاری کر رکھا ہے۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیزی سے جاری ہے۔

دریاؤں کی صورتحال

دریائے راوی: شاہدرہ پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 17 ہزار کیوسک اور بلوکی پر 1 لاکھ 4 ہزار کیوسک ہے۔

دریائے ستلج: گنڈا سنگھ والا پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک ہے جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر درمیانے درجے کا سیلاب آگیا ہے۔

دریائے چناب: قادرآباد پر پانی کا بہاؤ 5.34 لاکھ کیوسک ہے، تریمو اور خانکی پر اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے، جس کے پیش نظر محمد والا کے مقام پر کنٹرولڈ شگاف کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

متاثرہ علاقے اور انخلاء

پنجاب کے 30 سے زائد اضلاع متاثر ہوئے ہیں جن میں گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، قصور، اوکاڑہ اور پاکپتن شامل ہیں۔

اب تک 45 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، صرف ننکانہ صاحب میں 1,500 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا۔

حکومتی اقدامات

بڑے پیمانے پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے پنجاب کے1,769 دیہات زیر آب آچکے ہیں جبکہ 72 ہزار سے زائد افراد کو انخلاء کرنا پڑا اور3  لاکھ سے زائد مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ669 کشتیاں اور 2,800 سے زائد ریسکیو اہلکار سرگرم ہیں، سیلاب ریلیف کیمپس میں خوراک، ادویات اور شیلٹر کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ متاثرہ اضلاع میں میڈیکل اور موبائل یونٹس بھی فعال ہے۔

پانی کا بہاؤ مزید تیز ہونے کا خدشہ

31 اگست تک ہیڈ تریمو پر پانی کا بہاؤ 7-8 لاکھ کیوسک تک پہنچنے کا خدشہ ہے جبکہ 3 ستمبر تک سیلابی ریلا پنجند تک پہنچنے کی پیش گوئی ہے۔

عوام کے لیے ہدایات

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور متاثرہ علاقوں سے فوری انخلاء یقینی بنائیں۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں اور ہدایات پر عمل کریں۔

Related posts

اسرائیلی کو روکنے کےلئے تمام اقدامات بروئے کارلائیں گے ، سعودی ولی عہد

امریکا میں سیاسی کارکن اور مصنف چارلی کرک کو گولی ماردی گئی

قائد اعظم محمدعلی جناح کی برسی آج، پوری قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش