راول ڈیم کے اسپل ویز کل صبح 6 بجے کھولنے کا فیصلہ، ملحقہ آبادیوں کو الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751 فٹ تک پہنچنے کے بعد ڈیم کے اسپل ویز کل صبح 6 بجے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی اطلاع جاری کر دی گئی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق، ڈیم سے پانی کے اخراج کے باعث کورنگ نالہ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس کے پیش نظر نالے سے ملحقہ آبادیوں کے مکینوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کورنگ نالے کے قریب رہنے والے افراد بلاضرورت نالے کے قریب جانے سے گریز کریں، پانی کے بہاؤ میں اضافے کی صورت میں نالے پر بنے عارضی پل استعمال نہ کیے جائیں

این ڈی ایم اے کے مطابق مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے ہنگامی صورتحال میں مکمل الرٹ پر ہیں

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ راول ڈیم میں پانی کی سطح معمول سے بلند ہو چکی ہے، اور حفاظتی اقدامات کے تحت اسپل ویز کھولے جا رہے ہیں تاکہ ڈیم کی ساخت اور گرد و نواح کی آبادیوں کو کسی ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔

مزید برآں متعلقہ ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو حکام سے فوری رابطہ کریں۔

Related posts

میڈیا سیکٹر میں اماراتی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے دبئی میڈیا اور پی ڈبلیو سی پارٹنر۔ متحدہ عرب امارات

پاکستان میں سیلاب سے نقصانات کا ذمے دار بھارت ہے، عاصم افتخار

میجرعزیز بھٹی کا 60 واں یوم شہادت آج، فیلڈ مارشل اورافواج پاکستان کاخراج عقیدت پیش