ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور پاکستان کے مختلف حصوں میں حالیہ سیلاب کے باعث قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
صدر اردوان نے کہا کہ ترکیہ ان مشکل لمحات میں پاکستانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ہر ممکن انسانی و تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کو یقین دلایا کہ ترکیہ اس آزمائش کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر کے پرخلوص جذبات اور فراخدلانہ پیشکش پر دلی شکریہ ادا کیا اور ترکیہ کے تعاون کو دوطرفہ برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترک صدر کا یہ اقدام نہ صرف پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، گہرے اور دوستانہ تعلقات کی واضح عکاسی کرتا ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور اخوت پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم بناتا ہے۔