پاکستان کی معروف اداکارہ اور میزبان مشی خان نے پنجاب حکومت سے اپیل کی کہ سیالکوٹ کے عوام کیلئے فوری طور پر کشتیوں کا انتظام کیا جائے۔
مشی خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سیالکوٹ سے بہت سی ٹک ٹاک ویڈیوز دیکھی ہیں جن میں لوگ کشتیوں کے لیے دہائیاں دے رہے ہیں، وہاں کے حالات بہت خراب ہیں، میری اپیل ہے کہ حکومت پنجاب فوری طور پر اقدامات کرے اور کشتیوں کا انتظام کرے۔
My appeal to the government to send boats to Sialkot as they are asking in different videos. May Allah SWT keep them safe Ameen #FloodsInPakistan #floodsinpunjab #سیلاب pic.twitter.com/f4LWdXFrbh
— Mishi khan (@mishilicious) August 28, 2025
انہوں نے پنجاب حکومت اور متعلقہ اداروں سے کشتیوں کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں محصور شہریوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا جا سکے۔
مشی خان نے اپنے پیغام میں پوری قوم کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی اور کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ پورے پاکستان، خاص طور پر شمالی علاقہ جات اور پنجاب کے لوگوں کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔
واضح رہے کہ 26 جون سے ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں اور سیلاب سے شدید تباہی ہوئی ہے، اب تک 798 افراد جاں بحق اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑنے اور مسلسل بارشوں کے بعد دریائے راوی، چناب اور ستلج میں خطرناک سیلابی کیفیت پیدا ہو چکی ہے، جس سے سیالکوٹ سمیت متعدد اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں۔