لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خواتین کرکٹ کی ترقی کے لیے 65 ویمنز کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ دینے کا اعلان کردیا ہے۔
بول نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خواتین کرکٹ کی ترقی کے لیے 65 ویمنز کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں 20 کو گولڈ اور 45 کو سلور کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ناقص کارکردگی پر ندا ڈار پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے فارغ
یہ کنٹریکٹس جولائی 2025 سے جون 2026 تک مؤثر رہیں گے۔ منتخب کھلاڑیوں میں 6 انٹرنیشنل اور 23 انڈر 19 و ایمرجنگ کرکٹرز بھی شامل ہیں۔
کھلاڑیوں کا انتخاب نیشنل وومنز سلیکشن کمیٹی کے ممبران اسد شفیق اور بتول فاطمہ نے کارکردگی، ٹیلنٹ اور پوٹینشل کی بنیاد پر کیا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ مستقبل میں مزید باصلاحیت کھلاڑی بھی اچھی کارکردگی دکھا کر کنٹریکٹ حاصل کرنے کی اہل ہوں گی۔