صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں حالیہ سیلاب اور شدید بارشوں سے ہونے والی جانی و مالی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر نے سیلابی ریلوں میں جان کی بازی ہارنے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرہ خاندانوں کا درد پورے پاکستان کا درد ہے، ہم اس آزمائش کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
صدرِ مملکت نے فصلوں اور مویشیوں کے نقصان پر کسان برادری سے خصوصی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے کہا کہ زراعتی شعبے کو پہنچنے والے نقصان کا فوری تخمینہ لگا کر کسانوں کی مدد کے اقدامات کیے جائیں۔
آصف علی زرداری نے مشکل وقت میں افواجِ پاکستان اور ریسکیو اداروں کی بروقت کارروائیوں، بہادری اور انسانی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے آزمائش کی اس گھڑی میں ایک بار پھر قوم کی خدمت کی شاندار روایت قائم کی ہے۔
صدر مملکت نے سندھ حکومت کو ہدایت دی کہ وہ ممکنہ بڑے سیلابی ریلے کے پیش نظر فوری اقدامات کرے تاکہ کسی بڑے جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں 2010 اور 2022 کی تباہ کاریوں سے سبق سیکھ کر اس بار پہلے سے بہتر تیاری کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔
صدرِ مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ ہر مشکل کو حوصلے، اتحاد اور عزم کے ساتھ شکست دی ہے۔ اس بار بھی ہم سرخرو ہوں گے۔