پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے 9 ویں اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ادارے کے مطابق 29 اگست سے 2 ستمبر تک صوبے بھر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم اور گوجرانوالہ میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، جبکہ لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں بھی شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور بھی بارشوں سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح انتہائی بلند ہو سکتی ہے، جس کے باعث ممکنہ طور پر اونچے درجے کے سیلاب کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق بڑے شہروں میں ندی نالوں کے بپھرنے کا بھی اندیشہ ہے۔
تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی افسران کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ ساتھ ہی محکمہ صحت، آبپاشی، مواصلات، بلدیات اور لائیو اسٹاک کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گرج چمک یا طوفان کی صورت میں کھلے آسمان تلے جانے سے پرہیز کریں۔
کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں شہری فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔