ٹریفک پولیس کراچی کا بڑا اعلان، چوراہوں پر بھیک مانگنے پر مکمل پابندی عائد کر دی۔
کراچی شہر میں حادثات کی روک تھام ٹریفک کی روانی اور دیگر اہم معاملات پر ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے تمام متعلقہ افسران کو اہم احکامات جاری کیے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے احکامات میں سب سے پہلے بتایا گیا ہے کہ بھیک مانگنے پر مکمل پابندی عائد ہے، جس میں کسی قسم کی نرمی یا رعایت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس طرح وہ اسکول جو مرکزی شاہراہوں پر ہیں اور ٹریفک میں رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں، وہاں متعلقہ افسران صبح اور چھٹی کے وقت خود موجود رہیں، اسکولوں کے باہر ٹریفک کو قابو میں رکھیں اور طلبہ کو لینے آنے والی گاڑیاں باقاعدہ قطار میں منظم طریقے سے کھڑی کروائیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی ایک بار پھر اربن فلڈنگ کے خطرے سے دوچار
مزید کہا گیا ہے کہ کسی صورت بسوں کی چھت پر مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت نہ دی جائے، تمام رکشے اورچنگ چی اپنی نمبر پلیٹیں واضح طور پر نصب کروانے کے اقدامات کریں، اور کسی بھی صورت نابالغ ڈرائیونگ کی اجازت نہ دی جائے۔
کسی بھی فیکٹری، ادارے یا دفتر کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کا معائنہ کریں، نمبر پلیٹس، ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور انڈیکیٹرز، سائیڈ مررز اور چین درست حالت میں ہوں، سوار کے پاس اصل ڈرائیونگ لائسنس اور ہیلمٹ بھی ہو، بہ صورت دیگر جب تک مالکان شرائط پوری نہ کر لیں موٹر سائیکلیں باؤنڈ کر دی جائیں۔
پیر محمد شاہ نے کہا کہ اہلکار کی وردی صاف ستھری اور شان دار نظر آنی چاہیے، وردی میں لانگ بوٹ کے بغیر کسی اہلکار کو ڈیوٹی کی اجازت نہیں ہوگی۔