وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور جاپان ماضی کی طرح تجارتی و صنعتی تعاون کی بحالی کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے جاپانی بینک آف انٹرنیشنل کوآپریشن کے ڈائریکٹر جنرل تارو کاٹو نے ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ معاشی و سفارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن سہولت دیں گے، زراعت، آئی ٹی، ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں جاپانی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور جاپان کا تجارت و سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
شہباز شریف نے مزید کہا کہ عالمی ادارے اور سرمایہ کار پاکستان کے بڑے منصوبوں میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، پاکستان سرمایہ کار دوست اور محفوظ ملک بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقع پر جاپانی ڈائریکٹر جنرل تارو کاٹو نے حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ کرتے ہوئے پاکستان میں معاشی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔