اسلام آباد: پاکستان نے غزہ کے شہر خان یونس میں ناصر اسپتال اور شام پر اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ان حملوں میں 4 صحافیوں اور ایک ریسکیو ورکر سمیت کم از کم 21 افراد جاں بحق ہوئے۔
ترجمان نے کہا کہ طبی مراکز پر حملے ناقابلِ فہم اور سفاکانہ ہیں، شہریوں اور صحافیوں کو مسلسل نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے انسانی حقوق، انسانی ہمدردی کے قوانین اور صحافت کی آزادی کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر عالمی تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے،دفترخارجہ،مودی کابیان مسترد
دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو ان سنگین جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے اور اس کی بلا روک ٹوک جارحیت کو ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان شام کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ اسرائیل کو خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے سے روکا جائے۔