پنجاب کے متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال، پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری

دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث پنجاب کے سرحدی علاقے، خصوصاً قصور اور گنڈا سنگھ والا کے گرد و نواح شدید سیلابی صورتحال کا شکار ہو چکے ہیں، متعدد دیہات زیر آب آ چکے ہیں اور مقامی آبادی کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔

اس ہنگامی صورتحال میں پاک فوج نے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، فوجی جوان متاثرہ علاقوں میں کشتیوں کے ذریعے پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔

اس کارروائی کے دوران خواتین، بزرگ شہریوں اور بچوں سمیت درجنوں افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔

ریسکیو آپریشن کے دوران متاثرین کا ذاتی سامان اور مویشی بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں، تاکہ عوام کو مزید نقصانات سے بچایا جا سکے۔

پاک فوج نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپ قائم کر دیے ہیں جہاں متاثرین کو خوراک، پانی، طبی امداد اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور جب تک خطرہ مکمل ختم نہیں ہو جاتا، امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

پاکستان رینجرز (پنجاب) کا آپریشن

دوسری جانب پاکستان رینجرز (پنجاب)  دیگر اداروں کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ سرحدی علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔

ضلع قصور کے علاقے گنڈا سنگھ والا کے گردونواح میں رینجرز  کے جوانوں نے سیلاب میں گھِرے 6890 افراد اور 1024 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

پنجاب رینجرز کے جوان ریسکیو 1122 کے عملے کو دور دراز دیہاتوں تک رسائی میں رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔

پنجاب رینجرز کے دستے راستوں کی بحالی اور سڑکوں کی مرمت میں بھی ضلعی انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔

پاکستان رینجرز (پنجاب) سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ، ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور آبپاشی سے مسلسل رابطے میں ہے۔

ایمرجنسی الرٹ جاری

 نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی جانب سے دریائے چناب، راوی اور ستلج میں غیر معمولی سیلابی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق دریاؤں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، جس سے متعدد علاقوں میں شدید خطرات لاحق ہیں۔

وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہا ہے، نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر مکمل طور پر 24/7 فعال ہے اور سول و عسکری اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

Related posts

اسرائیلی کو روکنے کےلئے تمام اقدامات بروئے کارلائیں گے ، سعودی ولی عہد

امریکا میں سیاسی کارکن اور مصنف چارلی کرک کو گولی ماردی گئی

قائد اعظم محمدعلی جناح کی برسی آج، پوری قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش