عالمی شہرت یافتہ امریکی پاپ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور معروف فٹبال اسٹار ٹریوس کیلسی نے اپنی منگنی کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
منگنی کا اعلان ایک خوبصورت اور رومانوی فوٹو شوٹ کے ذریعے کیا گیا، جس میں ٹریوس کیلسی کو ایک گلابوں سے سجے باغ میں گھٹنے ٹیک کر ٹیلر کو پروپوز کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم یہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹریوس نے دو ہفتے قبل خفیہ طور پر ٹیلر سوئفٹ کو منگنی کی پیشکش کی تھی، جسے قبول کیے جانے کے بعد اب یہ لمحہ دنیا کے ساتھ شیئر کیا گیا۔
ٹیلر سوئفٹ نے انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے دلچسپ کیپشن لکھا کہ آپ کے انگلش ٹیچر اور جم ٹیچر شادی کر رہے ہیں!
مداحوں کی جانب سے اس جوڑی کو سوشل میڈیا پر بھرپور مبارکبادیں دی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ سوئفٹ اور کیلسی کے درمیان تعلقات کی خبریں پہلی بار 2023 میں منظر عام پر آئی تھیں اور تب سے یہ جوڑی مختلف تقاریب اور ایونٹس میں ایک ساتھ دیکھی گئی۔