لاہور: پنجاب بھر میں گندم کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جس کے باعث آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق صوبے میں گندم کی فی من قیمت 2200 روپے سے بڑھ کر 2800 روپے تک جا پہنچی ہے، جبکہ بعض شہروں میں یہ قیمت 3000 روپے فی من تک جا چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے، جس سے گھریلو صارفین پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔
مزید پڑھیں: کسان اتحاد کا گندم کا ریٹ مقرر نہ ہونے پر احتجاج کا اعلان، حکومت کو وارننگ
بول نیوز کے مطابق نان بائی مالکان نے عندیہ دیا ہے کہ گندم اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر روٹی کی قیمت میں بھی اضافہ ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق فی روٹی قیمت 14 روپے سے بڑھا کر 16 روپے کیے جانے کا امکان ہے۔
نان بائی مالکان کا موقف ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں روزانہ اضافے کے باوجود وہ پرانی قیمت پر روٹی فروخت نہیں کر سکتے، لہٰذا حکومت کو اس مسئلے پر فوری طور پر توجہ دینی ہوگی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر گندم کی قیمتیں اسی رفتار سے بڑھتی رہیں تو آٹے اور روٹی کی قیمتیں مزید اوپر جا سکتی ہیں، جس سے عام آدمی کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوگا۔