پاکستان میں ربیع الاول 1447 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا۔ اس بات کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کے بعد کیا۔
مرکزی اجلاس کراچی میں منعقد ہوا جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔ کمیٹی کے مطابق، ملک بھر میں کہیں سے بھی چاند دیکھنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں موسم ابر آلود رہا، جس کی وجہ سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہو سکی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق یکم ربیع الاول بروز منگل 26 اگست 2025 کو ہوگی جبکہ 12 ربیع الاول بروز ہفتہ 6 ستمبر 2025 کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔
اس حوالے سے ملک بھر میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں، اور مختلف شہروں میں جلوس، محافلِ میلاد اور دیگر تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ربیع الاول اسلامی کیلنڈر کا تیسرا مہینہ ہے، اور 12 ربیع الاول کو نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کا دن بڑے عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔