پاکستانی فوج، پاک چین دوستی کی مضبوط محافظ ہے، چین

بیجنگ میں چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای اور پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی، اور اسٹریٹجک تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق، وانگ ای نے پاکستانی فوج کو قومی استحکام کا ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاک چین دوستی اور تعاون کی مضبوط محافظ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے ہمیشہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے اہم فیصلوں پر عمل درآمد میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

وانگ ای نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کو درپیش غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاک–چین تعلقات میں مضبوطی آنا نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے سودمند ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ اپنی ہمسایہ سفارت کاری میں پاکستان کو اولین ترجیح دی ہے، اور وقت کے سخت امتحانات کے باوجود یہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا، اور عالمی امور میں پاکستان کے بڑے کردار کا خیر مقدم کرتا ہے۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کو پاکستان کا آہنی دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک–چین اسٹریٹجک شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط ہے اور اس دوستی کو فروغ دینا پوری پاکستانی قوم کا متفقہ موقف ہے۔

فیلڈ مارشل نے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں قیمتی تعاون پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ پاکستانی فوج انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید فعال بنانے کے لیے پرعزم ہے، اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی مکمل حفاظت یقینی بنائی جائے گی۔

فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک–چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے اور ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے کے لیے باہمی تعاون جاری رہے گا۔

Related posts

فلسطین ہمارا خطہ ہم ہی اسکے مالک ہیں، نیتن یاہو نے متنازع معاہدے پر دستخط کردیے

انڈونیشیا میں قیامت خیز سیلاب، 2 جزیرے صفحہ ہستی سے مٹنے لگے، 19 افراد ہلاک

مون سون ختم ہونے والا ہے،ہزاروں دیہات زیرآب،900 افراد جاں بحق ہوئے،چیئرمین این ڈی ایم اے