جولائی میں مجموعی درآمدات میں نمایاں اضافہ، تجارتی خسارہ بڑھنے کا خدشہ

اسلام آباد: ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے ہی ماہ جولائی میں ملک کے تمام اہم شعبوں کی درآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

درآمدات میں نمایاں اضافے کے نتیجے میں جولائی میں مجموعی درآمدی حجم 5 ارب 86 کروڑ 58 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا، جس سے تجارتی خسارہ بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق غذائی اجناس کی درآمدات میں سب سے زیادہ 44.90 فیصد کا اضافہ ہوا اور ایک ماہ میں اس مد پر 74 کروڑ 39 لاکھ ڈالر خرچ کیے گئے۔ اسی طرح مشینری کی درآمدات میں 29.37 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کا حجم 92 کروڑ 75 لاکھ ڈالر سے زائد رہا۔

مزید پڑھیں: برآمدات میں کمی، تجارتی خسارہ بڑھ گیا

رپورٹ کے مطابق ٹرانسپورٹ شعبے کی درآمدات میں غیرمعمولی اضافہ ہوا جو 167.18 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں اس کا حجم 30 کروڑ 71 لاکھ ڈالر تک جا پہنچا۔ پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں بھی 6.42 فیصد اضافہ ہوا اور جولائی میں اس شعبے پر ایک ارب 34 کروڑ 58 لاکھ ڈالر خرچ کیے گئے۔

ٹیکسٹائل شعبے کی درآمدات میں بھی 21.13 فیصد اضافہ ہوا، جو 59 کروڑ 33 لاکھ ڈالر تک جا پہنچا۔ زرعی شعبے کی درآمدات 9.13 فیصد اضافے کے ساتھ 89 کروڑ 27 لاکھ ڈالر رہیں، جبکہ دھاتی شعبے میں 19.77 فیصد اضافہ ہوا اور اس کا حجم 54 کروڑ 73 لاکھ ڈالر رہا۔

اعداد و شمار کے مطابق دیگر متفرق شعبوں کی درآمدات میں بھی 23.42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جن پر 11 کروڑ 33 لاکھ ڈالر خرچ ہوئے۔ ماہرین کے مطابق درآمدات میں اس تیزی سے اضافے سے تجارتی خسارہ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Related posts

گلستان جوہر میں تین خواتین کا لرزہ خیز قتل، بچی سمیت تین افراد زخمی

دنیا کی انوکھی طلاق، بچے کا نام علحیدگی کا سبب بن گیا

متحدہ عرب امارات کے صدر ایک برادرانہ دورے کے لئے عمان پہنچے – متحدہ عرب امارات