اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے ان تین باہمت افراد کو اسلام آباد مدعو کیا ہے جنہوں نے بروقت اقدام کر کے 300 سے زائد انسانی جانیں بچائیں، ان ہیروز میں وصیت خان، انصار اور محمد خان شامل ہیں۔
یہ تینوں مقامی افراد گلگت بلتستان میں گلیشیئر پھٹنے کے خطرے سے قبل مقامی آبادی کو خبردار کرنے میں پیش پیش رہے، جس کی بدولت ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکا، ان کی فرض شناسی، ہمت اور بروقت فیصلے کی بدولت علاقے میں ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
وزیراعظم کی ہدایت پر ان ہیروز کو اسلام آباد بلایا گیا ہے، جہاں انہیں ایک خصوصی تقریب میں اعزازی انعامات سے نوازا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وصیت خان، انصار اور محمد خان قوم کے ہیروز ہیں، انہوں نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی، مجھ سمیت پوری قوم کو گلگت بلتستان کے ان ہیروز پر فخر ہے۔