راولپنڈی میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے شوق نے ایک سنگین حادثہ کو جنم دے دیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
بول نیوز کے مطابق اڈہ پیرودھائی کے سامنے پرائیوٹ بس اڈے میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک بس ہوسٹس نے گاڑی کا اسٹیرنگ سنبھال کر ویڈیو بنانا شروع کر دی۔
مزید پڑھیں: کراچی: بارشوں کے باعث حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی
پولیس ذرائع کے مطابق ڈرائیور بس کو روانگی کے لیے اسٹارٹ کرکے چائے پینے گیا تھا کہ اسی دوران بس ہوسٹس نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی نیت سے گاڑی چلا دی۔ گاڑی بے قابو ہو کر دوسرے بس اسٹینڈ میں داخل ہو گئی اور وہاں کھڑی گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ بس کی ٹکر سے تین دیگر گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
عینی شاہدین کے مطابق اچانک ہونے والے اس واقعے سے اڈے پر بھگدڑ مچ گئی اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر دوڑنے لگے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر بس ہوسٹس کو حراست میں لے لیا اور مزید تفتیش کے لیے تھانے منتقل کر دیا ہے۔