ہالی ووڈ کے معروف اداکار نورمن ریڈس کے 25 سالہ بیٹے مینگز لوسیئن ریڈس کو اپنی گرل فرینڈ پر مبینہ جسمانی تشدد کے الزام میں مین ہٹن پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق مینگز پر الزام ہے کہ اس نے اپنی 33 سالہ گرل فرینڈ کو گھونسے مارے، گلا دبایا اور زمین پر پٹخا، جس سے خاتون کو شدید چوٹیں آئیں، تاہم متاثرہ خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
واقعہ ہفتے کی صبح پیش آیا، جب مینگز نے خود پولیس کو کال کر کے اطلاع دی کہ ایک خاتون نشہ آور گولیاں کھا کر خودکشی کی کوشش کر رہی ہے، تاہم پولیس کے موقع پر پہنچنے پر متاثرہ خاتون نے بتایا کہ تشدد کا نشانہ اسے خود مینگز نے بنایا۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں جب مینگز پر تشدد کا الزام لگا ہو، 2021 میں بھی ان پر ایک خاتون پر حملے کا کیس بنا تھا، جس میں گرفتاری کے بعد انہیں مشروط رہائی ملی تھی۔
مینگز ریڈس ماڈلنگ کے شعبے سے وابستہ رہے ہیں اور حالیہ عرصے میں انہوں نے میوزک انڈسٹری میں بھی قدم رکھا ہے جبکہ رواں سال انہوں نے اسپاٹیفائی پر متعدد گانے ریلیز کیے ہیں۔
پولیس کی جانب سے کیس کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مینگز کی قانونی ٹیم کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔