لاہور: پنجاب حکومت نے مری میں اسکائی واک پل منصوبے کی منظوری دے دی۔
پنجاب حکومت نے مری میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ ان منصوبوں میں اسکائی واک گلاس برج بھی شامل ہے جس کی لاگت 72 کروڑ 15 لاکھ روپے وگی۔
علاوہ ازیں لاکوٹ سے پِنڈی پوائنٹ تک چیئرلفٹ و کیبل کار بھی تعمیر کی جائے گی جس کی لاگت 90 کروڑ روپےہوگی جب کہ ان منصوبوں کی فزیبلٹی اسٹڈی منظور کرلی گئی ہے۔
چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف کی زیرِ صدارت ہونے والے پی ڈی ڈبلیو پی اجلاس میں دریائے سندھ پر کالا باغ میانوالی میں کیبل کار منصوبہ (لاگت 81 کروڑ 57 لاکھ روپے) بھی منظور کیا گیا۔
اس کے علاوہ سڑکوں، اقلیتی امور اور آئی ٹی کے کئی منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی جن پر کل لاگت تقریباً 51 ارب 18 کروڑ روپے آئے گی۔
دیگر منظور شدہ منصوبوں میں ضلع چکوال میں ڈنڈا شاہ بلاول سے گھول بذریعہ لاوا تک سڑک کی تعمیر، وزیراعلیٰ اقلیتی ترقیاتی پروگرام ، لاہور میں تھیم پارک کے قیام کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی اور ایکسلیریٹ پنجاب اسٹارٹ اپس ٹیک پروگرام شامل ہیں۔
اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ رفاقت علی، سیکرٹری سیاحت راجہ جہانگیر، سیکرٹری اقلیتی امور فرید احمد، چیف اکانومسٹ مسعود انور، بورڈ کے ارکان اور دیگر سینئر حکام شریک ہوئے۔