نیویارک میں بس حادثہ، غیر ملکیوں سمیت پانچ افرد ہلاک

نیویارک: امریکا کی ریاست نیو یارک میں ایک خوفناک بس حادثے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

امریکی میڈیا نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ بس میں 54 مسافر سوار تھے جو نیاگرا فالس کی سیر کے بعد نیویارک سٹی واپس جا رہے تھے۔ حادثہ بفیلو شہر کے مشرق میں تقریباً 40 کلومیٹر دور ہائی وے پر پیش آیا، جہاں بس تیز رفتاری کے دوران بے قابو ہو کر الٹ گئی اور سڑک سے اتر کر کھائی میں جا گری۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈرائیور، جو حادثے میں زندہ بچ گیا، دورانِ ڈرائیونگ توجہ ہٹنے کے باعث گاڑی پر قابو کھو بیٹھا اور اوور اسٹیئر کرنے کے نتیجے میں بس الٹ گئی۔

حکام نے مکینیکل خرابی اور ڈرائیور کی صحت کے مسائل کو مسترد کر دیا ہے۔ حادثے میں کسی اور گاڑی کے ملوث ہونے کی بھی تصدیق نہیں ہوئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق بس میں سوار مسافروں کا تعلق چین، بھارت، مشرق وسطیٰ، فلپائن اور امریکا سے تھا۔ زخمیوں سے رابطے کے لیے مترجمین کو بھی جائے وقوعہ پر بھیجا گیا۔ مرسی فلائٹ میڈیکل سروس نے اپنی تین ہیلی کاپٹرز جبکہ دیگر اداروں نے مزید تین ہیلی کاپٹرز فراہم کیے جن کے ذریعے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق 40 سے زائد افراد کو مختلف نوعیت کے زخم آئے ہیں جن میں سر کی چوٹیں، بازو اور ٹانگوں کی ہڈیاں ٹوٹنے کے کیسز شامل ہیں۔

امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ٹیم روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے کہا کہ ریاستی پولیس اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

یہ بس نیاگرا فال جو امریکا اور کینیڈا کی سرحد پر واقع مشہور سیاحتی مقام ہے  کی ایک روزہ سیر کے بعد نیویارک سٹی واپس جا رہی تھی کہ حادثے کا شکار ہو گئی۔

Related posts

مون سون ختم ہونے والا ہے،ہزاروں دیہات زیرآب،900 افراد جاں بحق ہوئے،چیئرمین این ڈی ایم اے

آئی ایم ایف کیساتھ دوسرے اقتصادی جائزہ کیلئے شیڈول طے پا گیا

عراقی فضائیہ کے کمانڈر پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے معترف