غزہ: اسرائیلی افواج کے تازہ فضائی اور زمینی حملوں میں کم از کم 65 فلسطینی جاں بحق ہوگئے جن میں سے 37 صرف غزہ شہر میں شہید ہوئے ہیں۔
عالمی میڈیا نے طبی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل نے جمعہ کی صبح سے غزہ شہر پر حملوں میں تیزی کردی ہے جسے بڑے فوجی آپریشن کی تیاری قرار دیا جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کے محلے شیخ رضوان میں قائم ایک اسکول کو بھی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا جہاں درجنوں بے گھر افراد عارضی خیموں میں پناہ لیے ہوئے تھے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اس حملے میں کم از کم 12 شہری جاں بحق ہوئے۔
مزید پڑھیں: اسرائیلی حملوں میں شدت، غزہ میں بھوک سے مزید دو فلسطینی شہید
عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک اسرائیلی ڈرون عمارت کے اوپر منڈلا رہا تھا اور پھر اس نے دھماکہ خیز مواد گرایا جس کے بعد دھواں بلند ہوتا دیکھا گیا۔
طبی حکام کے مطابق غزہ شہر کے دوسرے علاقے تفاح میں ایک شخص کو اسرائیلی فورسز نے شہید کیا جبکہ جنوبی شہر خان یونس میں عارضی خیمے پر ڈرون حملے میں ایک خاتون اور چار بچے جاں بحق ہوئے۔ شمالی غزہ کے جبالیا اور وسطی علاقے کے نیتساریم کاریڈور میں بھی امداد کے منتظر شہری اسرائیلی فائرنگ اور حملوں کی زد میں آئے۔
ادھر اسرائیلی وزیر دفاع اسیرئیل کاٹس نے خبردار کیا ہے کہ اگر حماس نے اسرائیل کی شرائط نہ مانیں تو غزہ شہر کو تباہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جہنم کے دروازے حماس کے قاتلوں اور دہشت گردوں پر کھل جائیں گے جب تک وہ مکمل ہتھیار ڈالنے اور تمام قیدیوں کی رہائی پر راضی نہیں ہوتے۔
مزید پڑھیں: غزہ سٹی پر اسرائیلی قبضے کا منصوبہ تیار، 2 ہفتوں میں جبری انخلا اور فوجی یلغار کا خدشہ
دوسری جانب حماس نے واضح کیا ہے کہ وہ قیدیوں کی رہائی کے بدلے جنگ بندی پر تیار ہے، تاہم فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر مکمل غیر مسلح ہونے کی شرط قبول نہیں کی جا سکتی۔
اسی دوران قطری اور مصری ثالثی سے طے پانے والی جنگ بندی کی تجویز پر حماس نے آمادگی ظاہر کی ہے جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے مذاکرات کی ہدایت دینے کے ساتھ ساتھ غزہ شہر پر بڑے فوجی آپریشن کا عندیہ بھی دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے تحت قائم عالمی بھوک مانیٹرنگ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ شمالی غزہ میں قحط شروع ہوچکا ہے اور ستمبر کے آخر تک یہ وسطی و جنوبی علاقوں تک پھیل سکتا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 27 مئی سے اب تک امداد کے متلاشی 2 ہزار سے زائد فلسطینی اسرائیلی حملوں میں مارے جا چکے ہیں۔