کراچی میں بارش کے دوران شہریوں کو تکلیف پہنچنے پر حکومت کو معافی مانگنی چاہیے، سعید غنی

کراچی: سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی کا کراچی میں حالیہ بارشوں کے دوران شہریوں کو تکلیف پہنچنے پر کہنا ہے کہ عوام گھنٹوں اذیت میں رہی، بطور حکومت ہمیں عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔

صوبائی وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے پروگرام ’’بول رپورٹس ود بتول راجپوت‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہری سیلاب اور بارش کے بعد کی صورتحال صرف کراچی تک محدود نہیں بلکہ ترقی یافتہ ممالک میں بھی ایسے مسائل دیکھنے کو ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے اور پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو اس کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق اگر کسی شہر کے انفراسٹرکچر میں اتنی سکت نہیں ہے تو بارش کے بعد شہریوں کو مشکلات کا سامنا ضرور ہوگا۔

سعید غنی نے کہا کہ لاہور اور راولپنڈی میں بھی کراچی جیسی صورتحال سامنے آئی جب کہ خیبرپختونخوا میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث حالات مزید خراب ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 2022 کی تاریخی بارشوں کے مقابلے میں 2025 میں کئی مقامات پر صورتحال بہتر رہی ہے۔ مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نرسری چونکہ پیالہ نما جگہ ہے اس لیے وہاں پانی جمع ہونا قدرتی امر ہے تاہم اس بار شارع فیصل کو چند گھنٹوں بعد کھول دیا گیا جب کہ ماضی میں شاہراہیں کئی دن بند رہتی تھیں۔

وزیر بلدیات نے اعتراف کیا کہ اگر شہریوں کو کسی کوتاہی کے باعث تکلیف ہوئی ہے تو بطور حکومت ہمیں عوام سے مانگنی چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بعض حلقوں کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ بارشوں کے دوران حکومتی ادارے مدد کے لیے موجود نہیں تھے مگر حقیقت یہ ہے کہ ادارے فیلڈ میں موجود تھے اور سب نے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے شیئر میں کمی ممکن نہیں، تبدیلی صرف اضافے کے لیے کی جا سکتی ہے، کمی کے لیے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبوں کو زیادہ اور وفاق کو کم پیسے مل رہے ہیں تو اس کی ذمہ داری ایف بی آر پر عائد ہوتی ہے۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر سعید غنی نے کہا کہ یہ فیصلہ ملک کے منتخب نمائندے کریں گے۔ انہوں نے فیصل واوڈا کی رائے کو غیر اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2013 میں پنجاب اسمبلی نے نئے صوبے بنانے کی قرارداد منظور کی تھی مگر باقی تینوں صوبوں میں نہ ایسی قرارداد پیش کی گئی اور نہ منظور ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بطور ایک سیاسی کارکن وہ ہمیشہ سیاسی انتقام کے خلاف ہیں اور رہیں گے۔

Related posts

مسلسل اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ

متحدہ عرب امارات کی میڈیا کونسل غیر تعمیری اشتہار – متحدہ عرب امارات پر اشتہار طلب کرتی ہے

منصور بن زید نے وزیر اعظم سینیگال – متحدہ عرب امارات سے ملاقات کی