بی بی ایل میں پاکستان شائقین کے لیے’’ہاؤس آف رؤف‘‘ فین اسٹینڈ کا خصوصی قیام

میلبرن: آسٹریلیا کے معروف کرکٹ اسٹیڈیم میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں آئندہ ہونے والی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے دوران ’’ہاؤس آف رؤف‘‘ فین اسٹینڈ قائم کیا جائے گا جو پاکستانی اور جنوبی ایشیائی شائقین کے لیے مخصوص ہوگا۔

یہ اقدام نہ صرف شائقین کے جوش و خروش کو بڑھانے کے لیے کیا جا رہا ہے بلکہ یہ جنوبی ایشیائی کمیونٹی کی ثقافتی پہچان اور توانائی کو بھی اجاگر کرے گا۔

یہ اسٹینڈ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر حارث رؤف کے نام سے منسوب کیا گیا ہے جو بی بی ایل میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرتے ہیں اور اپنی جارحانہ بولنگ اور شاندار کارکردگی کی بدولت دنیا بھر میں بڑی مقبولیت رکھتے ہیں۔

ان کے مداح خصوصاً پاکستانی نژاد کمیونیٹی میں بڑی تعداد میں موجود ہیں اور ’’ہاؤس آف رؤف‘‘ کے ذریعے انہیں ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنی ٹیم اور اپنے ہیرو کی بھرپور حوصلہ افزائی کرسکیں۔

اس موقع پر میلبرن اسٹارز کے جنرل مینیجر میکس ایبٹ نے کہا کہ اس اسٹینڈ کا مقصد پرجوش پاکستانی شائقین کو ایک ساتھ لانا ہے تاکہ وہ اپنی بھرپور توانائی اور منفرد انداز میں اسٹیڈیم کا ماحول مزید جاندار بناسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام کرکٹ آسٹریلیا کے ملٹی کلچرل ایکشن پلان کا بھی حصہ ہے جس کا مقصد جنوبی ایشیائی کمیونٹیز کو کرکٹ کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا اور ان کی موجودگی کو اجاگر کرنا ہے۔

یاد رہے کہ اس اقدام سے نہ صرف بی بی ایل کے دوران شائقین کی دلچسپی میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستانی کمیونٹی کو یہ احساس بھی ہوگا کہ ان کی ثقافت اور جوش و جذبے کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔

’’ہاؤس آف رؤف‘‘ شائقین کے لیے ایک ایسا گوشہ ثابت ہوگا جہاں وہ قومی پرچم، ثقافتی لباس اور پرجوش نعروں کے ساتھ کرکٹ سے اپنی محبت کا بھرپور اظہار کرسکیں گے۔

Related posts

میڈیا سیکٹر میں اماراتی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے دبئی میڈیا اور پی ڈبلیو سی پارٹنر۔ متحدہ عرب امارات

پاکستان میں سیلاب سے نقصانات کا ذمے دار بھارت ہے، عاصم افتخار

میجرعزیز بھٹی کا 60 واں یوم شہادت آج، فیلڈ مارشل اورافواج پاکستان کاخراج عقیدت پیش