پاکستان اور بنگلہ دیش کی اعلیٰ عسکری قیادت کی ملاقات، دفاعی تعاون میں اضافے پر اتفاق

پاکستان اور بنگلہ دیش کی عسکری قیادت کے درمیان اہم ملاقات، جس میں دونوں ملکوں کے دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بنگلہ دیش کے کوارٹر ماسٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد فیض الرحمن نے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا اور لیفٹیننٹ جنرل محمد فیض الرحمن نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی۔

دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دو طرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات نئے دفاعی تعاون کے مواقع کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد فیض الرحمن نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس کی قربانیوں کو سراہا۔

اس ملاقات سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کی نئی راہیں کھلنے کی توقع کی جا رہی ہے، جو خطے کی سیکیورٹی کے لیے بھی اہم ثابت ہو سکتی ہے۔

Related posts

اسرائیل نے قطر کی خود مختاری پر حملہ کیا، بھرپورمذمت کرتے ہیں ، روس کاردعمل آگیا

ملک میں زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا

8 سال بعد گھریلو گیس کنکشنز کی پابندی ختم کردی گئی