پاکستان میں ریکوڈک منصوبے سے متعلق بڑی خبر

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے بلوچستان میں واقع ریکوڈک منصوبے کیلئے 410 ملین ڈالر (41 کروڑ ڈالر) مالیت کے مالیاتی پیکج کی منظوری دے دی ہے، جو پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں شمار کی جارہی ہے۔

اے ڈی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ریکوڈک مائننگ کمپنی کو 300 ملین ڈالر کا قرض فراہم کیا جائے گا جبکہ 110 ملین ڈالر کی فنانسنگ گارنٹی بھی اس پیکج کا حصہ ہے۔ یہ مالی معاونت منصوبے کے پہلے مرحلے میں فراہم کی جائے گی۔

اے ڈی بی نے ریکوڈک کو عالمی سطح پر اہم معدنیات، خصوصاً تانبے کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے کے لیے ایک اہم منصوبہ قرار دیا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان میں اقتصادی ترقی، غربت کے خاتمے اور معیاری روزگار کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگا۔

اے ڈی بی کے صدر نے اس منصوبے کو پاکستان کے لیے ایک “گیم چینجر” قرار دیا، جو اہم معدنیات کی عالمی سپلائی چین کو مستحکم کرنے میں مدد دے گا۔

اے ڈی بی کے مطابق ریکوڈک دنیا کی پانچویں سب سے بڑی تانبے کی کان ہے، منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں سالانہ اوسطاً 8 لاکھ ٹن تانبے کی پیداوار متوقع ہے، تانبہ توانائی کی منتقلی اور ڈیجیٹل ترقی کے لیے ایک کلیدی عنصر ہے۔

بلوچستان میں واقع اس منصوبے کی مجموعی لاگت 6.6 ارب ڈالر ہے، جو کینیڈین کمپنی بیرک گولڈ اور حکومت پاکستان کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ اس میں بیرک گولڈ کا 50 فیصد جبکہ باقی 50 فیصد وفاقی اور بلوچستان حکومت کے پاس ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے سے 2028 تک تانبے اور سونے کی پیداوار کا آغاز کیا جائے گا جبکہ آئندہ 37 برسوں میں اس منصوبے سے 70 ارب ڈالر تک کی آمدنی کی توقع ہے۔

Related posts

اسرائیلی کو روکنے کےلئے تمام اقدامات بروئے کارلائیں گے ، سعودی ولی عہد

امریکا میں سیاسی کارکن اور مصنف چارلی کرک کو گولی ماردی گئی

قائد اعظم محمدعلی جناح کی برسی آج، پوری قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش