ملک میں شدید بارشیں اور سیلابی صورتحال؛ وزیراعظم کا سیاسی قائدین سے رابطہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر مختلف سیاسی قائدین سے رابطے کیے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور جنوبی سندھ، خصوصاً کراچی میں شدید بارشوں، شہری سیلاب اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے سندھ حکومت کو ہر ممکن وفاقی معاونت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ہنگامی صورتحال میں وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

وزیراعظم نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہدایت کی کہ وہ سندھ حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں اور عوام کو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہ کیا جائے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان اور وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بھی ٹیلی فونک رابطے کیے۔

حافظ نعیم الرحمان سے خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں پر گفتگو کی گئی جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ریسکیو و امدادی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے سندھ میں حالیہ اور متوقع بارشوں سے متعلق ممکنہ خطرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وزیرِ اعظم نے ایک بار پھر یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت، این ڈی ایم اے اور دیگر ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔

Related posts

انڈونیشیا میں قیامت خیز سیلاب، 2 جزیرے صفحہ ہستی سے مٹنے لگے، 19 افراد ہلاک

مون سون ختم ہونے والا ہے،ہزاروں دیہات زیرآب،900 افراد جاں بحق ہوئے،چیئرمین این ڈی ایم اے

آئی ایم ایف کیساتھ دوسرے اقتصادی جائزہ کیلئے شیڈول طے پا گیا