گورنمنٹ ڈگری سائنس کالج قاسم آباد کا گراؤنڈ تالاب میں تبدیل

کراچی: شہر قائد میں گزشتہ دنوں ہونے والی بارش کے اثرات اب تک موجود ہیں۔ برسات سے نہ صرف شہر کی سڑکیں اور نشیبی علاقے متاثر ہوئے بلکہ تعلیمی ادارے بھی محفوظ نہ رہ سکے۔

گورنمنٹ ڈگری سائنس کالج قاسم آباد کا کھیل کا گراؤنڈ برساتی پانی میں ڈوب کر تالاب کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔ طلبہ کے کھیلنے کا گراؤنڈ بارش کے پانی کی بھینٹ چڑھ گیا، جبکہ قریبی سڑکوں سے آنے والا پانی بھی کالج کے احاطے میں داخل ہو گیا۔

کالج کے چوکیدار کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حالات ایسے ہی رہے تو پانی کو خشک ہونے میں کم از کم پانچ روز لگیں گے۔

علاوہ ازیں، شہر قائد میں حالیہ برسات کے بعد ملیر ندی میں طغیانی کا سلسلہ دوسرے روز بھی برقرار ہے، جس کے باعث کورنگی کازوے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ندی کے پانی کے سڑک پر آنے کے باعث کورنگی کراسنگ کو قیوم آباد سے ملانے والے دونوں ٹریکس ٹریفک کے لیے معطل ہیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو متبادل راستے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ قیوم آباد چورنگی سے ٹریفک کو بلوچ کالونی اور سی این جی کٹ سے گودام چورنگی کی جانب موڑا جا رہا ہے۔ اسی طرح کورنگی ای بی ایم کازوے روڈ بھی ندی میں طغیانی کے باعث بند ہے جس سے محمود آباد سے کورنگی کے درمیان ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔

ٹریفک پولیس حکام کے مطابق محمود آباد سے آنے والی ٹریفک کو ایکسپریس وے کے ذریعے قیوم آباد اور گودام چورنگی سے آنے والی گاڑیوں کو قیوم آباد اور شان چورنگی کی جانب بھیجا جا رہا ہے۔

Related posts

پاکستان میں سیلاب سے نقصانات کا ذمے دار بھارت ہے، عاصم افتخار

میجرعزیز بھٹی کا 60 واں یوم شہادت آج، فیلڈ مارشل اورافواج پاکستان کاخراج عقیدت پیش

فلسطین ہمارا خطہ ہم ہی اسکے مالک ہیں، نیتن یاہو نے متنازع معاہدے پر دستخط کردیے