چینی وزیر خارجہ تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے

نور خان ایئربیس پر پرتپاک استقبال اسلام آباد میں پاک-چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے چھٹے دور میں شرکت کریں گے

چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ دورے کے آغاز پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے نور خان ایئربیس پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔

استقبالیہ تقریب میں وزارت خارجہ کے سینئر حکام اور پاکستان میں چینی سفارت خانے کے اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔

پاکستان کے روایتی لباس میں ملبوس بچوں کے ایک گروپ نے چینی وزیر خارجہ کا استقبال کیا اور پھول پیش کیے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کا خوبصورت اظہار ہوا۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی یہ دورہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ اپنے قیام کے دوران وہ چھٹے پاک-چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں چینی وفد کی قیادت کریں گے۔ یہ ڈائیلاگ اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے، جس کی مشترکہ صدارت وانگ ژی اور اسحاق ڈار کریں گے۔

اس اعلیٰ سطحی مذاکراتی عمل میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور، اقتصادی تعاون، اور اسٹریٹجک شراکت داری کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

Related posts

پاکستان میں سیلاب سے نقصانات کا ذمے دار بھارت ہے، عاصم افتخار

میجرعزیز بھٹی کا 60 واں یوم شہادت آج، فیلڈ مارشل اورافواج پاکستان کاخراج عقیدت پیش

فلسطین ہمارا خطہ ہم ہی اسکے مالک ہیں، نیتن یاہو نے متنازع معاہدے پر دستخط کردیے