ڈالوڑی اور سرکوی میں 3 روزہ ریسکیو مشن کے بعد تمام لاشیں متاثرہ خاندانوں کے حوالے، ڈپٹی کمشنر صوابی نصر اللہ خان کی تصدیق
خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ کے بعد پیدا ہونے والی تباہ کن صورتحال میں تین روز تک جاری رہنے والا ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر صوابی نصر اللہ خان کے مطابق شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث دو دیہی علاقوں، ڈالوڑی اور سرکوی، میں شدید جانی نقصان ہوا۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ڈالوڑی اور سرکوی میں اچانک ہونے والے کلاؤڈ برسٹ سے آنے والے سیلابی ریلے نے 20 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچایا، جن کے ملبے تلے 41 افراد دب گئے تھے۔
ریسکیو ٹیموں نے مسلسل تین دن تک آپریشن جاری رکھا اور تمام لاشوں کو ملبے سے نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق ڈالوڑی گاؤں سے 37 افراد کی لاشیں جبکہ سرکوی گاؤں سے 4 لاشیں نکالی گئیں، تمام جاں بحق افراد کی میتیں قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نصر اللہ خان نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کا دائرہ مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے، اور اب متاثرہ خاندانوں کو امداد اور بحالی کی جانب لے جایا جا رہا ہے۔
ریسکیو اداروں، ضلعی انتظامیہ، مقامی رضاکاروں اور پاکستان آرمی نے مشترکہ طور پر اس مشکل اور حساس مشن میں حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران علاقے میں مشکل جغرافیائی حالات، مسلسل بارش اور کیچڑ نے امدادی سرگرمیوں کو خاصا پیچیدہ بنا دیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ یہ ایک غیرمعمولی قدرتی آفت تھی، جس نے ایک ہی وقت میں درجنوں خاندانوں کو متاثر کیا۔ ہم غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔