کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں آج بھی بارش متوقع ہے جبکہ گزشتہ روز ہونے والی بارش تباہ کن ثابت ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے ہونے والی تباہی سب کے سامنے ہے اور کراچی بھی اس صورتحال سے محفوظ نہیں رہا۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق منگھوپیر میں 235 ملی میٹر جبکہ شہر بھر میں 12 گھنٹے کے دوران 175 سے 235 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ صبح کی بارش کے بعد دوپہر 12 بجے تک نکاسی آب مکمل کر لی گئی تھی تاہم دوسرا اسپیل سوا ایک بجے شروع ہوا جو پونے 6 بجے تک جاری رہا اور مسلسل 6 گھنٹے تیز بارش ہوتی رہی۔ بارش کا سلسلہ رات پونے 8 بجے جا کر تھما۔
میئر کراچی نے بتایا کہ سب سے بڑا اوور فلو شارع فیصل پر تین مقامات پر ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کے نالوں کی گنجائش صرف 40 ملی میٹر بارش تک ہے، اگر اس سے زیادہ بارش ہو تو اوور فلو ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی دنیا بھر کے لیے بڑا چیلنج ہے، ہمیں بھی اس سے نمٹنے کے لیے خود کو بدلنا ہوگا، صرف تنقید سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ “آپ تنقید کا نشانہ بنانا چاہیں تو بنا سکتے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ نکاسی آب کا نظام محدود ہے”۔
مرتضیٰ وہاب نے شہریوں کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔