لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسکولز کے لیے بڑے پیمانے پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان کردیا۔
پروگرام کے تحت ملک بھر کے 39 اضلاع کے 400 سے زائد اسکولز حصہ لیں گے، پہلے مرحلے میں تمام اسکولز میں ٹرائلز کے ذریعے ٹیمیں منتخب کی جائیں گی، جس کے لیے پی سی بی کے 60 سے زائد کوچز خدمات انجام دیں گے۔
ستمبر کے تیسرے ہفتے سے 400 سے زائد اسکولز کے درمیان 40 اوورز کا ٹورنامنٹ شروع ہوگا۔ اس ون ڈے ایونٹ کی بہترین 100 ٹیمیں ویکنڈ سکولز لیگ میں حصہ لیں گی، جو دو روزہ میچز پر مشتمل ہوگی۔
ون ڈے ٹورنامنٹ کی چیمپئن اسکول ٹیم کو بیرون ملک دورہ کرایا جائے گا، جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو پی سی بی کے انڈر 15 اور انڈر 17 ٹورنامنٹس میں موقع ملے گا۔
ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ، عبداللہ خرم نیازی کے مطابق اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی تمام فنڈنگ پی سی بی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے بچے تعلیم کے ساتھ ساتھ کرکٹ بھی کھیل سکیں گے۔
پی سی بی نے اس منصوبے کے تحت ملک بھر میں 168 سکول گراؤنڈ آباد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔