مرتضیٰ وہاب کی شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل

کراچی: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر قائد میں آج دوپہر 2 بجے سے دوبارہ بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہری بارش کے دوران دفاتر اور گھروں ہی میں قیام کریں اور سفر سے حتی الامکان اجتناب کریں تاکہ مشکلات اور حادثات سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ کراچی کی سڑکوں سے گزشتہ روز ہونے والی بارش کے پانی کی نکاسی تاحال نہیں ہوسکی، جبکہ محکمہ موسمیات نے دن 2 بجے کے بعد موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کے پیش نظر میئر کراچی نے شہریوں کو گھر سے نہ نکلنے کا مشورہ دے دیا۔

بول نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں میئر کراچی کا کہنا ہے کہ لوگوں سے گزارش ہے کہ نقل و حرکت سے گریز کریں، اگر بارش شروع ہوجائے تو اپنے گھروں اور دفاتر میں موجود رہیں۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے شہید ملت روڈ استعمال کرنے سے گریز کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہاں فی الحال نکاسی کا کام جاری ہے، شہری متبادل سڑک استعمال کرلیں۔

کراچی میں بارش تھمے کئی گھنٹے بیت گئے لیکن بیشتر سڑکوں سے اب تک پانی نہیں نکالا جاسکا۔

ایوان صدر روڈ، ضیاالدین احمد روڈ سمیت ریڈ زون میں گرومندر، نمائش، ایم اے جناح روڈ، سندھ اسمبلی، ڈرگ روڈ انڈر پاس، ملیر ہالٹ سے ماڈل کالونی جانے والی جناح ایونیو اور اردو بازار سمیت کئی مقامات پر اب بھی برسات کا پانی جمع ہے۔

ضیاالدین احمد روڈ، ایوان صدر روڈ، ایم آرکیانی روڈ سمیت ریڈزون میں کئی مقامات پر فٹ پاتھ کے برابر پانی تاحال موجود ہے، کورنگی کے ویٹا چورنگی پر جمع پانی کی نکاسی نہ ہوسکی، رات سے پھنسے ٹریلرز کو گزرنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔

کورنگی صنعتی ایریا، شاہراہ فیصل اور دیگر شاہراہوں پر شہری اپنی گاڑیاں چھوڑ کر چلے گئے تاہم شاہراہ فیصل اور لیاقت آباد سمیت متعدد سڑکوں سے پانی نکال دیا گیا۔

گزشتہ روز مرکزی شاہراہوں پر موجود پانی کی وجہ سے شدید ٹریفک جام بھی ہوا، جس کے باعث دفاتر اور کاموں پر جانے والے شہری رل کر رہ گئے۔

بارش کے بعد شہر کی خستہ حال سڑکیں بھی تباہ ہوگئیں، نیو ٹاؤن میں سڑکوں پر گڑھے پڑنے سے گاڑیاں دھنس گئیں، شہر کی بیشتر شاہراہوں پر گزشتہ روز بارش کے باعث بند ہونے والی گاڑی اور موٹرسائیکلیں تاحال موجود ہیں۔

دوسری جانب شہر کے کئی علاقوں میں شہری تاحال بجلی سے محروم ہیں، گلستان جوہر بلاک 7، 18،13،8، گلشن اقبال کے متعدد بلاکس، کورنگی، محمودآباد، اخترکالونی، منظورکالونی، ڈیفنس ویو، ملیر عالمگیر سوسائٹی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے ہی بجلی معطل ہے۔

دریں اثنا، گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں پاک فوج اور سندھ رینجرز کے اہلکار شہریوں کی مدد کے لیے اہم شاہراہوں پر موجود رہے۔

پاک فوج اور سندھ رینجرز کے اہلکار رات گئے ٹریفک بحال کرنے میں مصروف رہے، اہلکاروں کی جانب سے خراب گاڑیوں کو کنارے پر کردیا گیا، مکینیکل ٹیم کے ساتھ خراب گاڑیوں کو ٹھیک کیا گیا۔

Related posts

برساتی پانی کھڑا ہونے سے مختلف شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام، شہریوں کو شدید مشکلات

لیاقت پور میں کشتی حادثہ، نو افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے، چھ لاشیں برآمد

کے ایچ ڈی اے نے دبئی – متحدہ عرب امارات میں نجی تعلیم کے لئے نئی رہنما خطوط طے کیں