وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی کے شہریوں کو گھر میں رہنے کی اپیل کر دی

 وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں شہر کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور فوری اقدامات پر بات چیت کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں کل عام تعطیل ہوگی تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر سڑکوں پر نہ نکلیں اور گھروں میں رہیں تاکہ بارشوں کی مزید شدت اور ٹریفک کی مشکلات سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مزید بارشوں کا امکان ہے اور عوام کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ شہر میں زیادہ تکلیف کا سامنا نہ ہو۔

اجلاس میں صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر شاہ، سعید غنی، ضیاء الحسن لنجار، مخدوم محبوب الزمان، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شرکت کی اور بارشوں کے اثرات کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی میں آج 12 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ 245 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے شہر کا ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا۔

تاہم اہم شاہراہوں پر کام تیز کر کے کچھ حد تک پانی نکال لیا گیا ہے اور صورتحال بہتر کی جانب گامزن ہے۔ نالوں کا پانی نکالنے کا عمل بھی جاری ہے۔

اجلاس میں حکام نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ نالوں اور دیگر نکاسی آب کے نظام کے ذریعے بارش کا پانی نکالا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ شہر میں سڑکوں کی صفائی بھی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو جلد سے جلد معمولات زندگی میں واپس لایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اس دوران تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ بارش کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متحرک رہیں، اور شہر کی سڑکوں پر پانی کی نکاسی میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ شہریوں کو آنے والے دنوں میں مزید پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی معاونت سے شہر کی بحالی کا عمل تیز کیا جائے گا اور شہریوں کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Related posts

اسرائیل نے قطر کی خود مختاری پر حملہ کیا، بھرپورمذمت کرتے ہیں ، روس کاردعمل آگیا

ملک میں زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا

8 سال بعد گھریلو گیس کنکشنز کی پابندی ختم کردی گئی