کراچی میں بارش کے بعد بدترین صورتحال؛ پانی جمع، ٹریفک جام، شہری مشکلات کا شکار

کراچی: مون سون کی بارش کے بعد شہر قائد میں انفرااسٹرکچر کی خرابی ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی۔

لیاقت آباد ڈاکخانہ چورنگی سے تین ہٹی جانے والی مرکزی شاہراہ شدید بارش کے بعد دھنس گئی، جس کے نتیجے میں بس سمیت متعدد گاڑیاں گہرے گڑھوں میں پھنس گئیں۔

مقامی شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گاڑیوں کو نکالنے کی کوششیں شروع کر دیں، تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی فوری امداد یا مشینری موقع پر نہیں پہنچ سکی۔

شہر بھر میں پانی جمع، ٹریفک جام، شہری مشکلات کا شکار

بارش کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکیں زیر آب آگئیں، سائٹ ایریا سے ناظم آباد جانے والی سڑک مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

لیاقت آباد ڈاکخانہ چورنگی کے اطراف کی گلیوں اور سڑکوں پر بھی پانی جمع ہے، جگہ جگہ کھڑے پانی نے طلبہ و طالبات، راہگیروں اور موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات میں ڈال دیا۔

ایک موقع پر مرغی لے جانے والا ٹرک پانی میں بند ہو گیا، جس سے مرکزی سڑک پر ٹریفک مزید جام ہو گیا، شہری اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں دھکیلتے نظر آئے۔

انتظامیہ غائب، نکاسی آب کا کوئی بندوبست نہیں

شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کا کوئی عملہ یا نکاسی آب کی مشینری نظر نہیں آئی، پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے علاقوں میں بدبو، کیچڑ اور گندگی کا راج ہے جبکہ ٹریفک پولیس کی غیر موجودگی نے صورتحال مزید خراب کر دی۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی ادارے فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیں اور مستقل بنیادوں پر نکاسی آب اور سڑکوں کی مرمت کا نظام بہتر بنایا جائے۔

Related posts

پاک بھارت میچز میں ڈرامائی موڑ، عوام کی دلچسپی ختم ہونے لگی

جلالپورپیروالا: پرائیویٹ کشتی الٹنے سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی

مسلسل اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ