خیبر پختونخوا میں اب تک ہونے والے جانی و مالی تقصانات کی تفصیلات سامنے آگئیں

پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے حالیہ بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کردی۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث اب تک 341 افراد جاں بحق اور 178 زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 292  مرد، 28 خواتین اور 21 بچے شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں 144 مرد، 24 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صوبے میں 420 مکانات کو نقصان پہنچا جن میں281 جزوی طور پر جب کہ 139 مکمل طور پر منہدم ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر رہا جہاں اب تک 222  افراد جان سے گئے جبکہ ضلع صوابی میں 11 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ حادثات سوات، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر اور بٹگرام سمیت مختلف اضلاع میں پیش آئے۔

مزید بارشوں کا امکان

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 17 سے 19 اگست کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے جب کہ موجودہ بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

امدادی سرگرمیاں اور فنڈز کی فراہمی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کو 89 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔

امدادی اشیاء میں ٹینٹس، میٹریسز، بستر،کچن سیٹس، ترپال، چٹائیاں، مچھر دانیاں، جنریٹرز اور دیگر ضروری سامان شامل ہیں۔

صوبائی حکومت نے متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو 800 ملین روپے فنڈز جاری کیے ہیں جب کہ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر کے لیے الگ سے 500 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔

عوام کے لیے ہیلپ لائن

ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

Related posts

وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز پر خراج تحسین

عبد اللہ بن زید اور مصر کے وزیر خارجہ نے بات چیت کی – متحدہ عرب امارات

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ، امیر قطر سے اہم ملاقات متوقع