لاہور: معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی سے متعلق تحقیقات میں بڑے انکشافات سامنے آئے ہیں جن کے مطابق وہ ایک غیر قانونی گیمبلنگ ایپ کے کنٹری ہیڈ کے طور پر سرگرم رہے۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈکی بھائی نے مختلف جوا ایپس کی تشہیر کے بدلے بھاری رقوم وصول کیں اور انہیں 12 سے زائد غیر قانونی ایپلی کیشنز کے پروموشن میں ملوث پایا گیا۔
ادارے نے بتایا کہ انہیں بارہا تفتیش کے لیے طلب کیا گیا لیکن پیش نہ ہونے پر ان کا نام پی این آئی ایل فہرست میں شامل کردیا گیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈکی بھائی کو بیرون ملک جانے کی کوشش کے دوران ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا۔ مزید تحقیقات کے بعد تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کی گرفتاری کی وجہ کیا بنی؟ جانیے
یاد رہے کہ گذشتہ روز ڈکی بھائی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیشنل سائبر کرائم کے حوالے کردیا گیا تھا جب کہ ان کے خلاف جوا ایپس پروموٹ کرنے کے الزامات پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا فالوورز اور عوام کو مختلف جوا اور بیٹنگ ایپس میں سرمایہ کاری پر اکسایا جس کے نتیجے میں لوگوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا اور وہ اپنی جمع پونجی سے محروم ہوگئے۔