قومی ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن نے سابق کپتان بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں واپسی کے لیے اسپن کے خلاف بیٹنگ اور مجموعی اسٹرائیک ریٹ کو بہتر بنانے کا مشورہ دے دیا۔
بابر اعظم قومی ٹیم کے دیگر فارمیٹس میں بیٹنگ کا اہم ستون سمجھے جاتے ہیں لیکن انہیں گزشتہ برس جنوبی افریقہ کے دورے کے بعد سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نہیں دیکھا گیا۔
آئندہ ماہ ایشیاکپ کے لیے بھی وہ اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے کیونکہ ٹیم مینجمنٹ نے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں، خاص طور پر صاہبزادہ فرحان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن کا کہنا تھا ’’”اس میں کوئی شک نہیں کہ بابر کو کہا گیا ہے کہ وہ اسپنرز کے خلاف کھیلنے اور اپنے اسٹرائیک ریٹ میں بہتری لائیں‘‘۔
انہوں نے کہا ’’یہ وہ پہلو ہیں جن پر وہ سخت محنت کر رہے ہیں تاہم اس وقت جو کھلاڑی ہمارے پاس ہیں، انہوں نے شاندار پرفارمنس دی ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ صاہبزادہ فرحان نے صرف چھ میچوں میں تین مرتبہ میچ کے بہترین کھلاڑی کے اعزازات جیت کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
کوچ کے مطابق بابر اعظم کو آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں کھیل کر اپنی ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ کو نکھارنے اور دوبارہ کم بیک کرنے کا بہترین موقع ملے گا۔
پاکستان کا ایشیاکپ اور سہ ملکی سیریز کے لیے اسکواڈ
سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، صاہبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان مرزا، شاہین شاہ آفریدی اور صفیان مقیم۔
واضح رہے کہ پاکستان 12 ستمبر کو دبئی میں عمان کے خلاف ایشیاکپ مہم کا آغاز کرے گا جب کہ 14 ستمبر کو اسی میدان پر روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گا۔