ڈیجیٹل تاریخ میں نیا سنگ میل، وزارتِ منصوبہ بندی کا "اُڑان اے آئی ٹیکاتھون 1.0” کا اجرا

وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات نے “اُڑان پاکستان” اقدام کے تحت ملک میں مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے “اُڑان اے آئی ٹیکاتھون 1.0” کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

 افتتاحی تقریب سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے اسے پاکستان کی ڈیجیٹل تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکاتھون محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ ایک قومی تحریک ہے، جو نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے عملی استعمال، جدت اور اختراعی حلوں کی تخلیق میں فعال کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرے گی۔

مصنوعی ذہانت اب مستقبل نہیں بلکہ حال ہے، جو صحت، تعلیم، زراعت، صنعت اور طرز حکمرانی جیسے کلیدی شعبوں کو تیزی سے بدل رہی ہے۔ آج معیشتوں میں فیصلے انسان نہیں بلکہ الگوردمز کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس دو راستے ہیں یا تو ڈیجیٹل انقلاب کا حصہ بنے یا دوسروں پر انحصار کرتا رہے۔ ان کے مطابق حکومت کا عزم ہے کہ پاکستان مصنوعی ذہانت کے عالمی منظرنامے میں ایک ابھرتا ہوا لیڈر بن کر سامنے آئے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت قومی مصنوعی ذہانت پالیسی پر کام کر رہی ہے اور ٹاسک فورسز، فنڈنگ میکانزم اور سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اے آئی کو قومی نصاب میں شامل کیا جا رہا ہے جبکہ یونیورسٹیوں، مقامی اسٹارٹ اپس اور ٹیکنالوجی پارکس کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی

اُڑان اے آئی ٹیکاتھون 1.0″ کا مقصد نوجوانوں میں تکنیکی مہارتوں کو فروغ دینا، قومی سطح پر تخلیقی حل پیش کرنا، اور پالیسی سازی میں مقامی ٹیلنٹ کو شامل کرنا ہے۔

اس اقدام کو اُڑان پاکستان وژن کا اہم حصہ قرار دیا گیا ہے، جو کہ 2035 تک پاکستان کو ایک ٹریلین ڈالر معیشت بنانے کے ہدف کی جانب پیش رفت کو ظاہر کرتا ہے۔

احسن اقبال نے زور دیا کہ نوجوانوں کی سوچ، تخلیقی صلاحیتیں اور وژن پاکستان کا اصل اثاثہ ہیں، اور یہی عنصر ملک کو ڈیجیٹل اور معاشی ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرے گا۔

Related posts

سونے کے دھاگے؛ گھٹنوں کے درد کا نیا علاج خاتون کومہنگا پڑگیا

چاہت فتح علی خان پر انڈے پھینکنے کی ویڈیو وائرل؛ گلوکار کا ردعمل سامنے آگیا

2022 میں پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلیے ترک بچے کی امداد کا خط پھر وائرل