نائیجیریا کے شمال مغربی صوبہ سوکوتو میں ایک کشتی حادثے کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد لاپتہ ہوگئے جبکہ 10 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔
عالمی میڈیا نے نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (نیمہ) کے حوالے سے بتایا کہ کشتی میں 50 سے زائد مسافر سوار تھے جو گورونیو مارکیٹ جا رہے تھے کہ راستے میں کشتی ڈوب گئی۔ حادثے کے بعد نیمہ کی ریسکیو ٹیم کو فوری طور پر امدادی کارروائیوں کے لیے روانہ کیا گیا۔
مقامی حکام کے مطابق حادثے کی وجہ کشتی میں زیادہ مسافر سوار ہونا بتائی جارہی ہے، جو اس علاقے میں عام مسئلہ ہے۔
یاد رہے کہ نائیجیریا میں کشتی حادثات عام ہیں، خاص طور پر برساتی موسم مارچ سے اکتوبر کے دوران، جب دریا اور جھیلیں لبریز ہو جاتی ہیں۔
گزشتہ سال اگست میں بھی سوکوتو میں ایک کشتی حادثے میں 16 کسان جاں بحق ہوئے تھے۔ گزشتہ ماہ نائجر ریاست میں ایک کشتی ڈوبنے سے 13 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہوگئے تھے، جبکہ اسی ہفتے جگاوہ میں ایک اور حادثے میں 6 بچیاں دریائی حادثے کا شکار ہوئیں۔
ریسکیو ٹیموں کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش تیز کر دی گئی ہے تاہم وقت گزرنے کے ساتھ زندہ بچنے کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں۔