کے ٹو سر کرنے والی چینی کوہ پیما واپسی پر پتھروں کی زد میں آکر ہلاک

دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سر کرنے والی چینی کوہ پیما گوان جِنگ واپسی کے دوران پتھروں کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئیں۔

ان کی لاش برآمد کر کے اسکردو کے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حادثہ ابزوری اسپر روٹ پر پیش آیا، جو کیمپ ون اور ایڈوانس بیس کیمپ کے درمیان واقع ہے اور پتھروں کے گرنے کے واقعات کی وجہ سے انتہائی خطرناک سمجھا جاتا ہے۔

گوان جِنگ نے 11 اگست کو اپنے گروپ کے ساتھ کامیابی سے کے ٹو سر کیا تھا، تاہم 12 اگست کو واپسی کے دوران پتھروں کے گرنے سے وہ جاں بحق ہوگئیں۔

مزید پڑھیں: پاکستانی کوہ پیما شاہ دولت نے 8080 میٹر بلند برفانی چوٹی مصنوعی آکسیجن کے بغیر سر کرلی

الپائن کلب آف پاکستان کے سینئر نائب صدر کرار حیدری کے مطابق، گوان کے سر پر پتھر لگنے سے جان لیوا چوٹیں آئیں۔ بعدازاں پاک فوج کے ایوی ایشن ونگ نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ان کی لاش کنکورڈیا سے اسکردو منتقل کی۔

خراب موسم کے باعث ابتدائی طور پر ہیلی کاپٹر آپریشن ممکن نہ تھا، جس کے بعد کوہ پیماؤں کی ایک ٹیم نے پیدل تلاش شروع کی تھی۔ ان کی لاش تقریباً 5 ہزار 400 میٹر بلندی پر، ایڈوانس بیس کیمپ سے 100 سے 150 میٹر اوپر برآمد ہوئی۔

یاد رہے کہ 8 ہزار 611 میٹر بلند کے ٹو دنیا کے سب سے مشکل اور خطرناک پہاڑوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں اموات کی شرح ماؤنٹ ایورسٹ سے بھی زیادہ ہے۔

کرار حیدری نے گوان جِنگ کے اہل خانہ، دوستوں اور عالمی کوہ پیمائی برادری سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ان کا جان لیوا حادثہ کوہ پیمائی کے شوق رکھنے والوں کے لیے بڑا سانحہ ہے۔”

Related posts

منصور بن زید نے وزیر اعظم سینیگال – متحدہ عرب امارات سے ملاقات کی

وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز پر خراج تحسین

عبد اللہ بن زید اور مصر کے وزیر خارجہ نے بات چیت کی – متحدہ عرب امارات