عوام ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں؛ 1 مسافر جاں بحق، متعدد زخمی

لودھراں: لاہور سے کراچی جانے والی عوامی ایکسپریس ٹرین لودھراں جنکشن کے قریب ایک افسوسناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 1 مسافر جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب عوامی ایکسپریس کو لودھراں جنکشن پر رکنا تھا، مگر ٹرین بروقت نہ رک سکی اور آگے کھڑی مال گاڑی کے انجن سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجے میں عوامی ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔

حادثے میں 50 سالہ مسافر وقاص موقع پر جاں بحق ہوا جبکہ 18 زخمی مسافروں کو ڈی ایچ کیو اسپتال لودھراں منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال لودھراں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

متاثرہ ٹرین کو متبادل ٹریک پر منتقل کر دیا گیا، اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک عارضی طور پر بند ہونے کے بعد مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے، تاہم مسافروں کو ان کی منزلوں کی طرف ریلیف ٹرین کے ذریعے روانہ کیا جا رہا ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ابتدائی طور پر غفلت یا نظام کی خرابی کو ممکنہ وجوہات میں شامل کیا جا رہا ہے۔

Related posts

اسرائیلی کو روکنے کےلئے تمام اقدامات بروئے کارلائیں گے ، سعودی ولی عہد

امریکا میں سیاسی کارکن اور مصنف چارلی کرک کو گولی ماردی گئی

قائد اعظم محمدعلی جناح کی برسی آج، پوری قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش