ماضی کی معروف اداکارہ شبنم 79 برس کی ہوگئیں

پاکستان فلم انڈسٹری کے سنہرے دور کی معروف اور باوقار اداکارہ شبنم آج اپنی 79ویں سالگرہ منا رہی ہیں، تاہم مداحوں کی جانب سے انہیں بھرپور خراجِ تحسین اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

شبنم کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے، جہاں انہوں نے 1958 میں بنگالی فلم ’’راج دھانیربوکے‘‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، تاہم انہوں نے مغربی پاکستان میں 1962 میں فلم ’’چندا‘‘ کے ذریعے اردو فلموں کی دنیا میں قدم رکھا اور اپنی اداکاری سے فوراً ہی فلم بینوں کے دلوں میں جگہ بنا لی۔

جھیل جیسی گہری آنکھوں اور نفیس اداکاری کی مالک شبنم نے اپنے فنی سفر میں 160 فلموں میں کام کیا، جن میں 152 اردو، 14 بنگالی اور 4 پنجابی فلمیں شامل ہیں۔

ان کی یادگار فلموں میں آئینہ، بندش، شمع و پروانہ، درشن، عندلیب سمیت کئی شاہکار شامل ہیں جنہیں آج بھی کلاسیکی فلموں کی فہرست میں شمار کیا جاتا ہے۔

اداکارہ شبنم کی جوڑیاں کئی مشہور اداکاروں کے ساتھ بے حد پسند کی گئیں، جن میں محمد علی، وحید مراد، شاہد، رحمٰن اور خصوصاً ندیم کے ساتھ ان کی اسکرین پر موجودگی کو سراہا گیا۔

شبنم کی فنی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں 13 مرتبہ فلمی ایوارڈز سے نوازا گیا، جو ان کی فنکارانہ مہارت اور مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

شبنم صرف ایک اداکارہ نہیں بلکہ پاکستان فلم انڈسٹری کے سنہرے دور کی نمائندہ شخصیت ہیں، ان کی خدمات اور فنی ورثہ آج بھی فلمی دنیا کے لیے مشعل راہ ہیں۔

Related posts

لندن میں چاہت فتح علی خان پر انڈوں سے حملہ، ویڈیو وائرل

کراچی، کورنگی جانے والے راستوں پر شدید ٹریفک جام کا وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا

ایشیاکپ 2025؛ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بہترین کارکردگی کے لیے پرعزم