ڈپٹی کمشنر سوات کی اربن فلڈنگ کی وجہ سے بڑے پیمانے پر نقصان کی تصدیق

ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان نے بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سوات میں شدید بارشوں اور اربن فلڈنگ کی وجہ سے بڑے پیمانے پر نقصان کی تصدیق کردی۔

ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان نے بول نیوز کے پروگرام ’’بول رپورٹس ود بتول راجپوت‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوات ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں شدید بارشوں اور اربن فلڈنگ کی وجہ سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آبادی میں اضافے کے باعث سیلاب کا پانی شہر کی مارکیٹوں اور قریبی دیہاتوں میں داخل ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں مینگورہ شہر کے بیشتر علاقوں کے بیسمنٹس زیرِ آب آگئے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہر میں گزشتہ روز سے ’’ڈی واٹرنگ‘‘ کا عمل جاری ہے جس میں کافی حد تک کامیابی ملی ہے۔

سلیم جان نے یہ بھی بتایا کہ مینگورہ شہر کے گرڈز میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے۔ کلاؤڈ برسٹ (بادل پھٹنے) کے باعث آٹھ سے دس گھر پانی میں بہہ گئے ہیں جس سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے مختلف ٹیمیں فیلڈ میں روانہ کردی گئیں ہیں۔ متاثرین کی مدد کے لیے پاک فوج اور حکومت کے تعاون سے کانجو میں دو ہیلی کاپٹرز امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں جب کہ تربیلہ سے مزید تین ہیلی کاپٹرز بھی پہنچ رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر سوات نے مزید بتایا کہ متاثرین کو بونیر میں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی سامان اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے متاثرین کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

Related posts

منصور بن زید نے وزیر اعظم سینیگال – متحدہ عرب امارات سے ملاقات کی

وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز پر خراج تحسین

عبد اللہ بن زید اور مصر کے وزیر خارجہ نے بات چیت کی – متحدہ عرب امارات