پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے حالیہ بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں مختلف حادثات کے نتیجے میں 307 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 17 مرد، 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔
قدرتی آفات کے نتیجے میں صوبے بھر میں 74 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 63 مکانات جزوی طور پر متاثر جبکہ 11 مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔
مزید پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کیلیے خصوصی امدادی آپریشن شروع
پی ڈی ایم اے کے مطابق سب سے زیادہ تباہی ضلع بونیر میں ہوئی جہاں اب تک 184 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ دیگر متاثرہ اضلاع میں سوات، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام شامل ہیں جبکہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اضلاع بونیر، باجوڑ اور بٹگرام قرار دیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق شدید بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کے لیے امدادی فنڈز جاری کردیے گئے ہیں اور تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں مسلسل رابطے میں ہیں اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔ ایجنسی کی جانب سے سیاحتی مقامات پر بند شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی فوری بحالی، سیاحوں کو موسمی صورتحال سے آگاہ کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا موسمی صورتحال سے متعلق معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔