فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ اپنی آزادی اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یوم آزادی پر اپنے خصوصی پیغام میں تمام اہل پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے بزرگوں اور برصغیر کے مسلمانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان عالم اسلام کا ایک مضبوط اور ناقابل تسخیر قلعہ ہونے کے ساتھ ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی آزادی کا مظہر بھی ہے، مذہبی اقلیتیں آج بھی ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کو شکست دینے کیلئے ہم نے انتہائی بھاری جانی و مالی قیمت ادا کی ہے، پہلگام کے افسوسناک سانحے کی پاکستان نے نہ صرف مذمت کی بلکہ شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش کی۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص تاریخ میں افواج پاکستان کی بہادری اور ولولہ انگیز جذبے کی علامت بن چکا ہے، بھارتی سرکار نے روایتی ہٹ دھرمی کرتے ہوئے پاکستان کی شہری آبادی پر حملہ کیا، قوم کی حمایت سے مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاک فوج روایتی ، غیر روایتی اور ہابرڈ خطرات سے نمٹنے کیلئے پوری طرح لیس ہے، ہم خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے متمنی ہیں، اپنی آزادی اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کامیاب حکمتِ عملی کا عالمی اعتراف
عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ملکی خودمختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی مہم جوئی کا بلاہچکچاہٹ فوری جواب دیں گے، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم بھائیوں کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتا ہے، کشمیر یوں کو ان کا حق خودارادیت دینا مسئلے کا واحد، منصفانہ اور پائیدارحل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑاہے، عالمی برداری فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے۔
فیلڈ مارشل نے مزید یہ بھی کہا کہ جدوجہد آزادی سمیت معرکہ حق کے شہداء کا سلام پیش کرتے ہیں، شہداء کی جرات و بہادری ، عزم و جذبہ ایمانی کو سلام پیش کرتے ہیں، پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت اور جنگی تیاری پر مکمل اعتماد ہے، وہن کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کے استحکام اور ترقی کیلئے وقف کردیں گے۔