اسلام آباد: پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایوانِ صدر میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نمایاں عسکری و سول خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعلیٰ ترین قومی اعزازات سے نوازا۔
تقریب میں اعلیٰ سرکاری حکام، مسلح افواج کے سربراہان، وزراء، سفارتکاروں اور معززین نے شرکت کی۔
عسکری قیادت کو بڑے اعزازات
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو غیرمعمولی عسکری قیادت اور خدمات پر ہلالِ جرات عطا کیا گیا جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) دیا گیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو فضائی دفاع میں شاندار کارکردگی پر ہلالِ جرأت سے نوازا گیا جبکہ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو بحری سرحدوں کے تحفظ میں نمایاں کردار پر نشانِ امتیاز (ملٹری) عطا کیا گیا۔
سول قیادت و وزراء کو اعزازات
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو نشان امتیاز اور اسحاق ڈار کو سفارتی محاذ پر پاکستان کا مقدمہ مؤثر انداز میں پیش کرنے پر اعزاز دیا گیا، وفاقی وزیر قانون کو سندھ طاس معاہدے پر قومی مؤقف کی بھرپور وکالت پر اعزاز دیا جبکہ وزیر دفاع کو دشمن کی جارحیت کا جرأتمندانہ جواب دینے پر نشانِ امتیاز عطا ہوا۔
اس کے علاوہ عطا تارڑ کو اطلاعاتی جنگ میں موثر کردار پر نشانِ امتیاز سے نوازا گیا جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی کو داخلی سلامتی برقرار رکھنے پر نشانِ امتیاز ملا اور احسن اقبال کو تذویراتی حکمتِ عملی میں کامیابی پر نشانِ امتیاز عطا کیا گیا۔
دیگر ممتاز سیاسی و سفارتی شخصیات
سید طارق فاطمی، حنا ربانی کھر، شیری رحمان، فیصل سبزواری، بشریٰ انجم، انجینئر خرم دستگیر خان، عمر فاروق (سفیر برائے اقتصادی امور)، جلیل عباس جیلانی کو ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا۔
وفاقی وزیر احد چیمہ کو بھی ہلالِ امتیاز عطا کیا گیا۔
عسکری خدمات پر تمغہ جات اور اعزازا:
لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید کو ہلالِ امتیاز (ملٹری) دیا گیا جبکہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کو ستارۂ بسالت عطا کیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرلز نعمان زکریا، سید عامر رضا، شاہد امتیاز، احمد شریف چوہدری کو بھی اعزازات سے نوازا گیا اور وائس ایڈمرل راجہ ربنواز، ریئر ایڈمرلز عبدالمنیب، فیصل امین، شہزاد حامد کو نمایاں خدمات پر اعزازات ملے، ایئر وائس مارشل محمد احسان الحق، محمد اورنگزیب کو اعزازات سے نوازا گیا۔
جرات و بہادری پر اعزازات
ونگ کمانڈرز بلال رضا، حماد ابن مسعود، اسکواڈرن لیڈرز محمد یوسف خان، محمد اسامہ اشفاق، محمد حسن انیس، طلال حسن، فدا محمد خان، محمد اشعب کو ستارۂ جرات عطا کیا گیا اور کیپٹن علی حسن کو تمغۂ جرأت دیا گیا۔
شہید اہلکاروں لانس حوالدار عامر شیراز، لانس نائیک اکرام اللہ، سپاہی عدیل اکبر کو تمغۂ جرأت جبکہ سپاہی نثار علی شہید کو ستارۂ بسالت عطا کیا گیا۔
تمغۂ بسالت پانے والے افسران
میجر جنرل سید محمد جواد طارق، میجر جنرل تجدید ممتاز، ایئر کموڈورز: عطااللہ زیب، ضیا آفتاب، محمد نعمان علی خان، علی جاوید ہاشمی، سجاد حیدر اور کیپٹن پاکستان نیوی محمد عاطف، محمد حیدر علی کو تمغۂ بسالت سے نوازا گیا۔