اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کی اراضی کی نیلامی سے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بحریہ ٹاؤن جائیدادوں کی نیلامی کے کیس کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت بحریہ ٹاؤن کے وکیل فاروق ایچ نائیک روسٹرم پر پیش ہوئے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیوں نہ یہ کیس اس بینچ کو بھیج دیا جائے جس نے پہلے اس پر سماعت کی تھی؟
فاروق ایچ نائیک نے جواب دیا کہ آپ کی مرضی ہے، تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ آچکا ہے اور میں کچھ اضافی گزارشات جمع کروانا چاہتا ہوں۔
اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ پھر کیس کو فی الحال ملتوی کر دیتے ہیں اور کوئی تاریخ مقرر نہیں کرتے تاکہ آپ اپنی گزارشات جمع کروا سکیں۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت کے لیے نئی تاریخ دینے کے بجائے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔