کراچی میں جشن آزادی کے موقع پر گورنر ہاؤس میں ایک یادگار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا۔
تقریب کی سب سے خاص بات ایک گھنٹہ اور 16 منٹ پر محیط مسلسل آتش بازی تھی، جسے دنیا کی طویل ترین آتش بازی کے طور پر عالمی ریکارڈ قرار دیا گیا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی زیرِ نگرانی ہونے والے اس ایونٹ میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جنہوں نے آتش بازی، روشنیوں اور میوزیکل پرفارمنسز سے خوب لطف اٹھایا۔
اس موقع پر گورنر ہاؤس میں ایشیا کا سب سے بڑا اسٹیج بھی تیار کیا گیا تھا۔
تقریب میں عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر اور کیفی خلیل نے اپنی دلکش پرفارمنسز سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا جبکہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے بھی تقریب میں موجود تھے تاکہ آتش بازی کے اس طویل مظاہرے کا باضابطہ اندراج ممکن بنایا جا سکے۔
گورنر ہاؤس کے ترجمان کے مطابق اس تقریب کا مقصد نہ صرف یوم آزادی کا جشن منانا تھا بلکہ پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کرنا بھی تھا۔