اسلام آباد میں پاک-امریکہ انسدادِ دہشت گردی ڈائیلاگ

پاکستان اور امریکہ کے درمیان انسداد دہشت گردی کے حوالے سے اہم مذاکرات اسلام آباد میں مکمل ہو گئے۔

دونوں ممالک نے دہشت گردی کی ہر شکل کے خاتمے کے لیے مؤثر تعاون جاری رکھنے، جدید ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے نمٹنے، اور کثیرالطرفہ فورمز پر روابط مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق، پاک-امریکہ انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ کا حالیہ دور اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت پاکستان کی جانب سے اسپیشل سیکریٹری برائے اقوام متحدہ نبیل منیر اور امریکہ کی جانب سے قائم مقام کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی گریگری ڈی لوگرفو نے کی۔

دونوں ممالک نے عالمی اور علاقائی سطح پر دہشت گردی سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔

اعلامیے کے مطابق، پاکستان اور امریکہ نے بی ایل اے، داعش خراسان اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) جیسی تنظیموں کے بڑھتے ہوئے خطرے پر خصوصی توجہ دی اور ان کے خلاف مربوط اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

امریکہ نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کے میدان میں کامیابیوں اور علاقائی و عالمی امن کے لیے کردار کو سراہا۔

امریکی وفد نے جعفر ایکسپریس اور خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں میں معصوم جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین سے ہمدردی کا پیغام دیا۔

فریقین نے انسداد دہشت گردی کے لیے ایک مؤثر ادارہ جاتی فریم ورک کی تشکیل، استعداد کار میں اضافے، اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔

پاکستان اور امریکہ نے اقوام متحدہ سمیت دیگر کثیرالطرفہ پلیٹ فارمز پر انسداد دہشت گردی کے لیے تعاون کو مزید فروغ دینے اور عالمی سطح پر امن و سلامتی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ ڈائیلاگ دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے اور انسداد دہشت گردی کے میدان میں پائیدار شراکت داری کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔

Related posts

اسرائیلی کو روکنے کےلئے تمام اقدامات بروئے کارلائیں گے ، سعودی ولی عہد

امریکا میں سیاسی کارکن اور مصنف چارلی کرک کو گولی ماردی گئی

قائد اعظم محمدعلی جناح کی برسی آج، پوری قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش